گاندھی نگر،21؍مارچ (ایس او نیوز؍ایجنسی) گجرات میں کورونا وائرس (کووڈ19) انفیکشن کے آج چھ اور معاملوں کی تصدیق ہونے کے بعد ریاست میں ایسے لوگوں کی تعداد بڑھ کر 13 ہوگئی ہے۔ ریاست کےنائب وزیراعلی اور وزیر صحت نیتن پٹیل نے بتایا کہ ان میں سے12 غیر مملک سے لوٹیں ہیں اور وہ گجرات کے باشندے ہیں۔
سب سے زیادہ معاملے احمدآباد میں ہیں، تین تین سورت اور وڈودرا میں اور ایک ایک راج کوٹ اور گاندھی بگر میں ہے۔ وزیراعلی وجے روپانی نے کہا کہ ریاست میں کورونا پھیلنے کے لحاظ سے مرحلہ دو اور مرحلہ تین کے درمیان کی صورت حال میں ہے۔ انہوں نے لوگوں سے کہا ہے کہ وہ گھبرائیں نہیں اور ہر طرح سے احتیاط برتنے کی کوشش کریں۔
دوسری جانب ریاستی حکومت نے کورونا وائرس کے پھیلنے پر روک کے لئے 31مارچ تک ریستراں میں کھانے اور غیر ضروری دکانوں کو بند کرنے سمیت کئی اعلان بھی کیے ہیں۔ سبھی پارک وغیرہ کو بھی بند کردیا گیا ہے۔
پہلی بار 19 مارچ کو دو معاملوں کی تصدیق ہوئی تھی اور کل پانچ اور آج چھ معاملے اور ملے ہیں۔ وبا میں مبتلا پائے گئے لوگوں کے رابطے میں آئے لوگوں کو الگ تھلگ کرکے ان کی نگرانی کی جا رہی ہے۔
اس دوران کورونا کے پھیلاؤ پر روک کے لئے احمدآباد شہر میں بھی دفہ 144 یعنی چار سے زیادہ لوگوں کے ایک مقام پر جمع ہونے پر پابندی لگا دی گئی ہے۔ پولیس ڈپٹی کمشنر آشیش بھاٹیا نے یہ اطلاع دی۔ اس سے پہلے بھاونگر، راج کوٹ، سورت وڈودرا میں بھی ایسا کیا گیا ہے۔